اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے منصوبے بھارت میں بنتے ہیں لیکن اب پاکستان میں دہشت گردی نہیں چلے گی، بھارتی رویہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرکے رہیں گے اور اس کیلیے جہاں جانا پڑا جائیں گے، ثبوت دینے پڑے تو وہ بھی دیں گے، پاکستان بھارت کے خلاف دہشت گردوں کی مالی معاونت کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے لایا ہے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان کوئی چھوٹا ملک نہیں اس کی اپنی اہمیت ہے، پاکستان بھی امریکا کیلیے اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ بھارت، ہمیں نفسیاتی طور پر مضبوط ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک پیج پر ہیں، سی پیک پاکستان اور چین کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، بھارت پاکستان اور چین کے منصوبے خراب کرنے کیلئے پیسے لگا رہا ہے لیکن بھارت کبھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو گا۔