تعلیمی ادارے بند نہیں کریں گے، وزیر تعلیم پنجاب

42

لاہور (نمائندہ جسارت)صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن راجا یاسر ہمایوں نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے بند نہیں کیے جائیں گے، بچوں کا مستقبل ہمیں سب سے زیادہ عزیز ہے اور تعلیم تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز نہ ہونے کے برابر ہیں، تعلیمی اداروں کا کاروباری اداروں یا شادی ہالوں سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این سی او سی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجا یاسر نے کہا کہ ہم پنجاب میں تعلیمی ادارے بند نہیں کر رہے کیونکہ تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کرام مؤثر انداز میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کر رہے ہیں جس کی وجہ سے اب تک پنجاب کے تمام ہائر ایجوکیشن اداروں میں کورونا کے صرف 108 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے یونیورسٹیوں میں 25 اور کالجوں میں 83 کیسز شامل ہیں۔