سلامتی کونسل کے رکن ممالک کو بھارتی دہشت گردی کے ثبوت دیدیے‘ پاکستان

39

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پاکستان نے سلامتی کونسل ممالک کوبھارتی دہشت گردی کے ثبوت دے دیے۔دفترخارجہ میں سلامتی کونسل کے مستقل رکن ملکوں کے سفیروں کوپاکستان کے خلاف بھارتی دہشت گردی کے ثبوتوں پرمبنی ڈوزئیردیا گیا۔ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھاکہ بھارت پاکستان کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کررہا ہے، بھارتی مہم جوئی اور اقدامات سے امن کوخطرات لاحق ہیں۔علاوہ ازیں پاکستان نے بھارتی ریاستی دہشت گردی سے متعلق پیش کردہ ناقابل تردید ثبوت پر بھارتی وزارت خارجہ کی تردید کو مسترد کردیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پوری طرح بے نقاب ہوچکا ہے اور عموما ہتھکنڈوں، غیر واضح اور من گھڑت دلائل کا سہارا لیتا ہے اور الزامات سے صاف انکار اور ان کی تردید حقائق نہیں بدلے گی۔