بین المذاہب ہم آ ہنگی کیلیے ہر سطح پر جدوجہد ناگزیر ہے‘ طاہر اشرفی

45

لاہور (نمائندہ جسارت)چیئرمین پاکستان علما کونسل و معاون خصوصی وزیر اعظم حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آ ہنگی کے لیے ہر سطح پر جدوجہد کی ضرورت ہے۔ پاکستان کا آ ئین مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حقوق کا محافظ ہے ، کسی گروہ کو کسی دوسرے پر سوچ و فکر مسلط نہیں کرنے دیں گے۔ یکم دسمبر سے ملک بھر میں بین المسالک و مذاہب ہم آہنگی کونسلز قائم کرنے کا آغاز کر دیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مختلف مکاتب فکر کے علما و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام تمام آسمانی مذاہب ، انبیا اور آسمانی کتب کے احترام کا درس دیتا ہے، توہین ناموس رسالت ؐکرنے والے دراصل دنیا میں بین المذاہب تصادم چاہتے ہیں، آزادی اظہار رائے کا مطلب ہر گز دوسروں کے جذبات اور احساسات سے کھیلنا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر انبیا، آسمانی کتب اور آسمانی مذاہب کی ناموس کے تحفظ کا قانون بنناچا ہیے۔انہوں نے مزید کہا کہچھوٹی عمر کی بچیوں کی شادی کے مسائل کا حل نکالنے کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل سمیت تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت کریں گے۔