تحفظ ناموس رسالتؐ ریلی کے شرکا پر تشدد شرمناک ہے، لیاقت بلوچ

39

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے فرانس کی طرف سے گستاخانہ اقدامات اور حکومت پاکستان کی طرف سے مجرمانہ غفلت اور مسلسل خاموشی کے خلاف تحریک لبیک کے احتجاج پر شیلنگ، فائرنگ اور بہیمانہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالتؐ ریلی کے پرامن شرکا پر تشدد کرکے حکومت نے ظلم،زیادتی اور بوکھلاہٹ کا مظاہرہ کیا ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت نے 14 نومبر کی رات کو ہی خود راولپنڈی اور اسلام آباد کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا تھا،3 دن سے موبائل فون سروس دونوں شہروں میں بند ہے۔حکومت کے ان اقدامات سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سروس معطلی کی وجہ سے اسپتالوں میں مریضوں کا اپنے گھر سے رابطہ نہیں ہورہا۔لیاقت بلوچ نے وفاقی اورصوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے فوری طور موبائل سروس بحال کی جائے،شرکا پر لاٹھی چارج اورشیلنگ کو بند کیا جائے،فرانس کے سفیر کو احتجاجاً واپس بھیجا جائے،شرکا کے ساتھ مذاکرات اور ان کے حقیقت پر مبنی مطالبات کو فی الفور تسلیم اور تمام گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے۔