آزادیٔ اظہار سرمایہ دارانہ ہتھیار

209

فرانسیسی صدر مکروں آج آزادی ٔ رائے کے تقدس کی دہائی دے رہا ہے۔ آزادی ٔ رائے کے تصور کے تاریخی مقدمے کو سمجھنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ سرمایہ دارانہ جبر کا جواز بڑی حد تک آزادیٔ اظہارِ رائے ہی سے برآمد ہوتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ ہم اسلامی انقلابی آزادی ٔ اظہارِِ رائے کے کیوں مخالف ہیں۔
آزادی بحیثیت ایک سماجی تصور سترہویں صدی یورپ کی پیداوار ہے۔ اس سماجی تصور کا مطلب ہے نفس امارہ کی غلامی یعنی نفس پر حرص و ہوس، شہوت اور غضب کا غلبہ۔ بقول امانویل کانٹ ایک آزاد فرد خود انحصار اور خود خالق ہوتا ہے۔ وہ ہدایت صرف اپنے نفس امارہ کے احکامات کی قبول کرتا ہے اور کسی غیر انسانی سرچشمہ ہدایت کو قبول نہیں کرتا۔ وہ لا الہ الا انسان کے کلمہ ٔ خبیثہ پر ایمان لے آتا ہے۔ یہی جاہلیت خالصہ ہے۔ اور یہی سرمایہ داری کی روحانیت ہے۔ سرمایہ حرص و ہوس کا جسم (concrete form) ہے۔ سرمایہ وہ مادی ذریعہ ہے جس سے نفس امارہ کے احکام کی غیر مشروط تعمیل کی جاتی ہے۔ سرمایہ دارانہ روحانیت ایک مخصوص انفرادیت پیدا کرتی ہے۔ اس انفرادیت کو سٹیزن شپ کہتے ہیں۔ سٹیزن ایک ریپبلک بناتا ہے۔ اس میں وہ قانون سازی کے ذریعے سرمایہ (نفس امارہ کے احکامات) کی حکمرانی کو دستور کے ذریعہ وضع کرتا ہے۔ سرمایہ دارانہ ریاست کے قیام، استحکام اور کارفرمائی کو ممکن بنانے کے لیے دستور سٹیزن کو جو قانونی ذرائع فراہم کرتا ہے وہ حقوق انسانی ہیں۔
حقوق انسانی (ہیومن رائٹس) کا تصور بھی سترہویں صدی میں یورپ میں پیدا ہوا۔ اس تصور کے دو کلیدی مفکر ہیں۔ ژاں ژاک روسو اور جان لاک۔ حقوق انسانی کا تصور سرمایہ دارانہ ملکیت کے تصور سے پیوست ہے جس کی سب سے واضح تشریح لاک کے ہاں ملتی ہے۔ سرمایہ دارانہ ملکیت کے تصور کا بنیادی مفروضہ یہ ہے کہ انسان اپنے جسم کا مالک ہے اور اس جسم کا واحد معقول مقصد پیداواری عمل (productive labour) کو جاری رکھنا ہے۔ بقول لاک ملکیت (property) کی تین شکلیں ہیں جان، مال اور رائے تینوں کے استعمال کا واحد جائز اور معقول مقصد بڑھوتری سرمایہ کا ذریعہ بننا ہے۔ یہی ہیومنٹی کی تعریف ہے۔ ہیومن بینگ وہ ہے جو اپنی جان، مال اور رائے کو بڑھوتری سرمایہ کے لیے وقف کر دیتا ہے۔ اس کو سرمایہ دارانہ ریاست انسانی حقوق بخشتی ہے۔ جو انسان ایسا نہیں کرتا وہ ہیومن بینگ نہیں اور اس کو انسانی حقوق سے محروم کرنا سرمایہ دارانہ ریاست کا فرض ہے۔ اس دلیل کی بنیاد پر لاک نے اسّی ملین امریکی قدیم باشندوں کے قتل عام اور ایک پورے براعظم کی لوٹ مار کا جواز پیش کیا اور جارج واشنگٹن نے کہا ’’سرخ ہندی انسان نہیں بھیڑیے ہیں‘‘۔
تصورِ حق اظہارِ رائے
حقوق انسانی تین ہیں: حق مال، حق تحفظ جان، حق اظہارِ رائے۔ تمام سرمایہ دارانہ ریاستیں۔ لبرل، اشتراکی اور استبدادی۔ ان حقوق کو تسلیم کرتی ہیں۔
تاریخی طور پر حق اظہارِ رائے وہ ہتھیار ہے جو فرانس، برطانیہ اور امریکا میں پہلی مرتبہ مذہبی ریاستی نظام کو منہدم کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ اس کے سب سے بڑے وکیل فرانسیسی تھے اور امریکی دستور سازوں ہیملٹن، میڈیسن اور جیفرسن نے بھی اس کی پرزور تائید کی۔ دونوں گروہوں کا مقصد ایک دہریہ (سیکولر) ریاستی نظام کا جواز فراہم کرنا تھا۔ ایک ایسا ریاستی نظام جہاں دستور کتاب اللہ (انجیل مقدس) کی جگہ لے لے اور جہاں کے اجتماعی (public sphare) فیصلہ سازی کے عمل میں مذہبی مداخلت کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے بلکہ تمام اجتماعی معاملات، احکامات نفوس امارہ کے تناظر کی تعمیل کے طور پر مرتب کیے جائیں۔ دوسرے لفظوں میں آزادی ٔ اظہارِ رائے کا حق مذہبی سیاسی احکامات کی تردید کا جواز فراہم کرتا ہے اور اس عمل کا ثبوت فرانسیسی انقلاب کے تجربات سے ملتا ہے۔ اس انقلاب کے اوائل میں عیسائیت کو غیر قانونی قرار دیا گیا۔ کلیسا کی تمام املاک پر قبضہ کر لیا گیا۔ ہزاروں عیسائی راہبوں کو قتل کر دیا گیا اور ہزاروں راہباؤں کی بے حرمتی کرکے ان کو در بدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور کر دیا گیا۔ یہی عمل سوویت روس میں آرتھوڈاکس کلیسا کو کچلنے کے لیے دہرایا گیا اور آج مشرقی ترکستان میں چینی کمیونسٹ مسلمانوں کی نسل کشی آزادی ٔ اظہارِ رائے کو فروغ دینے کے لیے ہی کر رہے ہیں۔
آزادی ٔ اظہارِ رائے کی فراہمی کا واحد مقصد یہ ہے کہ معاشرت کو اطاعت الٰہی سے محروم کر دیا جائے۔ وہ ایک خبیث اور ذلیل طرز زندگی تعمیر کرتا ہے۔ یہ خبیث اور ذلیل طرز زندگی شیطانی روحانیت کا پرتو ہوتی ہے۔ اس پوری معاشرت پر شہوت اور غضب چھا جاتے ہیں۔ سرکاری سرپرستی میں عیاشی، فحاشی، دروغ گوئی، مکاری، حرام خوری خوب پھلتی پھولتی ہیں۔ ریاستی نظام کو مذہبی ہدایت سے محروم کرنے میں میڈیا اور تفریحی صنعت کو بڑھوتری سرمایہ کا اہم ترین مرکز بنا دیا جاتا ہے۔ جاہلی علمیت (سائنس اور سوشل سائنسز) کا بنیادی عقیدہ یہ ہے کہ حقیقت کچھ نہیں محض تجربہ اور رائے مختلف حقیقتیں تعمیر کرتے بھی رہتے ہیں اور جھٹلاتے بھی رہتے ہیں۔ بقول پاپر حقیقت صرف وہ ہے جو جھٹلائی جا سکے۔ آج اسی آزادی رائے کی فراہمی کے نتیجے میں سرمایہ دارانہ معاشرت میں ہر برائی اخلاقی گراوٹ اور بے حیائی پھیل رہی ہے۔ غرض
تازہ پھر دانش حاضر نے کیا سحر قدیم
گزر اس عہد میں ممکن نہیں بے چوبِ کلیم
ہم اسلامی انقلابی ہیں۔ اس دور میں ہمارے ہی ہاتھ میں چوبِ کلیم ہے۔ چاہے اس کام میں صدیاں لگ جائیں لیکن ہم سرمایہ دارانہ نظام اور طرزِ زندگی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم رکھتے ہیں۔ ہم آزادی کو بحیثیت ایک سیاسی عقیدہ کے ردّ کرتے ہیں۔ ہماری قدیم سیاسی فکر میں یہ تصور خدا سے بغاوت کا دوسرا نام ہے۔ ہم حقوق انسانی کو حرص و ہوس کے سرکاری غلبہ کا ذریعہ گردانتے ہیں۔ ہم شیطان کی پرستش نہیں کرتے۔ ہم ہر قسم کی دہریت (سیکولرازم) کے ازلی اور ابدی مخالف ہیں۔ ہم ریاستی نظام سے دہریت کو کلیتاً خارج کرنے کے خواہاں ہیں اور اجتماعی امور میں مذہبی حاکمیت کے غلبہ کو قائم کرنے کی جستجو کر رہے ہیں۔ ہماری ریاست میں آزادی ٔ اظہارِ رائے کی کوئی گنجائش نہ ہوگی کیونکہ آزادی رائے کا حق رائے کو سرمایہ دارانہ ملکیت کا جزو تصور کرتی ہے اور اس کے استعمال کا تاریخی مقصد سرمایہ کی بڑھوتری ہی رہا ہے۔ اس حق کی فراہمی کے نتیجہ میں ریاستی؍ سیاسی سطح پر اطاعت خداوندی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہتی۔ دستور کتاب اللہ کو معطل کردیتا ہے۔ الٰہی ہدایت کا دائرہ کار انفرادی زندگی تک سکڑ جاتا ہے۔ اقتدار دہریوں کے ہاتھوں میں مرتکز ہو جاتا ہے اور ان کے نمائندے قانون ساز بن بیٹھتے ہیں۔ معاشرہ غلیظ اور ناپاک ہو جاتا ہے۔ شہوت اور غضب کے ابلیسی رجحانات معاشرتی نظام اور انفرادی طرز زندگی پر حاوی آ جاتے ہیں اور سرمایہ دارانہ سامراج کا غلبہ انفرادی زندگی میں بھی اطاعت الٰہی کو مشکل سے مشکل تر بناتا جاتا ہے۔
گو فکر خداداد سے روشن ہے زمانہ
آزادی افکار ہے ابلیس کی ایجاد
اسلامی ریاست حقوق العباد کی ضمانت دے گی۔ حقوق انسانی کو معطل کر دے گی۔ سرمایہ دارانہ ملکیت کو مسخر کر دے گی۔ جو خدا کا عابد نہیں وہ خدا کا باغی ہے۔ ہم ان باغیوں کے خلاف رزم گاہ حیات کے ہر مورچہ پر چومکھی لڑائی جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔
یہ جنگ رہے گی جاری آتی ہے ہماری باری