دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن,مرکزی لائن پھر پھٹ گئی

24

دھابیجی (نمائندہ جسارت) دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، مرکزی لائن ایک بار پھر پھٹ گئی، کراچی کو پانی کی فراہمی متاثر۔ کراچی واٹر بورڈ کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر اتوار کی شب بجلی کے اچانک ہونے والے بریک ڈاؤن سے 8 پمپ بند ہوگئے جس کے باعث دھابیجی سے کراچی کو پانی کی فراہمی میں کمی کا سامنا رہا۔ بجلی کی بندش کے دوران پانی کے بیک پریشر سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی مرکزی لائن نمبر 5 ایک بار پھر دھماکے سے پھٹ گئی، جس کے باعث لاکھوں گیلن پانی ضائع ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر واٹر بورڈ سول کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر لعل محمد سموں اور ایگزیکٹیو انجینئر اقبال پلیجو نے عملے کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر متاثرہ لائن کا وال بند کرکے مرمت کا کام شروع کردیا۔ واٹر بورڈ انتظامیہ کے مطابق لائن نمبر 5 کی مرمت کا کام 12 گھنٹوں میں مکمل کرکے کراچی کو پانی کی فراہمی بحال کردی گئی جبکہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی بندش کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی میں کروڑوں گیلن کمی کا سامنا رہا۔