نااہل حکمرانوں نے ملک کا امن داؤ پر لگا دیا، خالد محمود سومرو

22

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) شہید ڈاکٹر علامہ خالد محمود سومرو کی یاد میں 26 نومبر کو شہید اسلام کانفرنس شہر کے میونسپل اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی، جس کے حوالے سے تیاریوں تیز کردی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں جامعہ اسلامیہ لاڑکانہ میں ضلعی عاملہ، تحصیل کے امراء اور نظماء کا مشترکہ اجلاس جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد خالد محمود سومرو کی زیر صدارت ہوا، جس میں مرکزی سالار عبدالرازاق، عابد لاکو، مولانا ناصر خالد محمود سومرو، محبت علی کھوڑو، مولانا طاہر محمود سومرو، مولانا عبدالجبار حیدری، جے ٹی آئی کے ضلعی رہنما ثنا اللہ سیال، مولانا محمد الیاس چنا، مولانا جمال مصطفیٰ تنیو، آصف علی مگسی، مولانا حمید اللہ سیال، عبدالقادر چانڈیو، مولانا طارق حسین پنہور و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا راشد خالد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ نااہل حکمرانوں نے ملک کا امن داؤ پر لگا دیا ہے۔ مہنگائی کنٹرول سے باہر ہونے کے باعث عوام مشکلات میں ہیں، جسے کنٹرول کرنا سلیکٹڈ حکومت کے بس کی بات نہیں۔ شہید اسلام علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے سندھ کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ہمیشہ جدوجہد کی۔ اسلام اور سندھ کے حقوق کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی پر سودے بازی کسی صورت برداشت نہیں، نااہل حکمرانوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔ سلیکٹڈ نااہل حکمرانوں کے باعث ملک میں دہشت گردی، مہنگائی، بے روزگاری، انتشار اور لاقانونیت حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔