لاڑکانہ، آٹا اور دیگر اشیائے خورونوش مہنگی فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی

29

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) اسسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ احمد علی سومرو نے مہنگے داموں آٹا اور دیگر عام اشیائے خورونوش فروخت کرنے والے دکانداروں اور ٹھیلے والوں کیخلاف پولیس کے ہمراہ کارروائی کی، شہر کے باقرانی روڈ اور مچھلی روڈ پر قائم آٹے کی دو چکیوں، کریانے کی چار دکانوں اور 10 سے زائد ٹھیلے والوں کیخلاف کارروائی میں مجموعی طور پر 20 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کرکے انہیں ہدایت کی گئی کہ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نرخوں پر فوری طور پر عمل کیا جائے، بصورت دیگر ایسے دکانداروں اور ٹھیلے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ لاڑکانہ شہر کے تمام علاقوں میں آٹے سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پہلی مرتبہ ایسی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔