کندھکوٹ، آپکا کے صوبائی صدر کے قاتلوں کی عدم گرفتار پر احتجاج

71

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت )کندھکوٹ میں آپکا کے صوبائی صدر مراد علی چاچڑ کے قتل میں ملوث قاتلوں کی گرفتاری کیلیے ورثا کا معصوم بچوں کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ ۔ ورثا نے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ آپکا سندھ کا اجلاس قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ۔ احتجاج کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ چار ماہ قبل سکھرآباد تھانے کی حدود اخوت نگر سوسائٹی کی مسجد کے سامنے آپکا یونین سندھ کے صدر مراد علی چاچڑ کو مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا واقعہ تاوان نہ دینے پر پیش آیا۔ جس کا آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔ واقعے میں ملوث تین ملزمان حاجی خان ولد شفیع محمد، فیض محمد ولد در محمد اور محمد اسحاق ولد فتح محمد کو گرفتار کیا گیا جبکہ اہم ملزم محمد عمر ولد محمد ابراہیم اور سہنو عرف سہتو گرفتار نہیں ہو سکے ہیں۔ جن کی گرفتاری کیلیے ورثا کا رسول بخش عرف کراڑو، غلام قادر، عرض محمد، پنھل، علی نواز ودیگر کی قیادت میں گاؤں غلام حسین چاچڑ میں دیہاتیوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ مراد علی چاچڑ کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کیلیے وزیراعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ نے نوٹس لیا تھا۔ اس کے باوجود بھی ملزم آزاد گھوم رہے ہیں جن کو پولیس گرفتار کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزم ہم کو کئی بار دھمکیاں دے رہے ہیں جن کو بااثر لوگ سپورٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے عدلیہ، آئی جی سندھ اور ایس ایس پی سکھر سے مطالبہ کیا کہ دیگر ملزمان کو فی الفور گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔ دوسری صورت میں سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔آپکا سندھ کے صدر مراد علی چاچڑ کے قاتلوں کی گرفتاری اور مقتول کے ورثا کو دھمکیاں دینے پرآپکا سندھ کا اجلاس ڈپٹی جنرل سیکرٹری رحمت اللہ چنا، نائب صدر عبدالوہاب چاچڑ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ضلع کے رہنماؤں نے شرکت کی جس میں مراد علی چاچڑ کے قتل میں اہم ملزم کی گرفتاری اور ورثا کو دھمکیاں دینے کی مذمت کرتے ہوئے سکھر پولیس انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مراد علی چاچڑ کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے ورثا کو تحفظ دیا جائے دوسری صورت میں آپکا سندھ کی جانب سے پورے سندھ میں احتجاج کیا جائے گا۔