جمہوریت کا لیکچر دینے والے جمہوری طرز عمل اپنائیں: شبلی فراز

115

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ جمہوریت کا لیکچر دینے والے جمہوری طرزعمل کو اپنائیں۔

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والے گلگت بلتستان کے عوام کے ووٹ کو عزت دینے کو تیار نہیں؟ گذشتہ 10 سال میں گلگت بلتستان کے عوام کیلئے کچھ نہ کرنے والوں کو ووٹ کیسے ملتے؟

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تمام سروے پاکستان تحریک انصاف کی برتری اور عمران خان کو مقبول رہنما دکھا چکے تھے۔

سینیٹر شبلی فراز نے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کے جذبانی بیانات کو منطق وحقائق سے عاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو انتخابات کے بعد اپنی شکست تسلیم نہ کرنے کی بری روایت کو ترک کرنا ہوگا اور یہ رویہ جمہوری اقدار کے منافی ہے، جمہوریت کا لیکچر دینے والے جمہوری طرز عمل اپنائیں۔