عدالت کا سرکاری تحائف کی خفیہ نیلامی روکنے کا حکم

163

لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری تحائف کی خفیہ نیلامی روکنے کا حکم دے دیا.

لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قاسم خان نے توشہ خانہ کے سرکاری تحائف کی خفیہ نیلامی روکنے کے لیے کیس کی سماعت کی.

 چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ یہ آئین کس مرض کی دوا ہے؟ کیا باقی لوگ اس ملک میں کیڑے مکوڑے ہیں، کیا یہ سب کچھ سول بیوروکریسی ہی لینے کی حقدار ہے؟

چیف جسٹس قاسم خان نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا یہ شفاف بڈنگ ہے اس پر تو پہلے اسٹیپ پر شفافیت نہیں رہی، حکومت کا یہ حال ہے کہ اندھا بانٹے ریوڑیاں اور اپنوں کو دے، کیا یہ آرٹیکل 25 کی خلاف ورزی نہیں ہے؟

بعدازاں چیف جسٹس قاسم خان نے اٹارنی جنرل پاکستان سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری تحائف کی خفیہ نیلامی روکنے کا حکم دے دیا اور 23 نومبر کا سرکاری تحائف کی خفیہ نیلامی کا نوٹی فکیشن بھی معطل کردیا.