بلدیہ عظمیٰ کے سینئر ڈائریکٹر کا محکمہ بلدیات کا حکم ماننے سے انکار

146

کراچی ( رپورٹ: محمد انور) حکومت سندھ بلدیہ عظمیٰ کراچی کا نظام بہتر بنانے کی غرض سے جاری کیے گئے اپنے ہی احکامات پر عمل کرانے میں ناکام ہوگئی ہے، خیال رہے کہ حکومت سندھ کے محکمہ بلدیات نے 13 نومبر کو بلدیہ عظمیٰ کے سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم جمیل فاروقی کا تبادلہ کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جمیل فاروقی کو سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم کی اسامی کا چارج چھوڑ کر محکمہ بلدیات کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا تھا کہ جمیل فاروقی کیخلاف خلاف قانون بھرتیوں کے الزام میں انکوائری بھی پہلے سے کی جارہی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جمیل فاروقی کی جگہ ایس یو جی سی سروس کے گل محمد کھوکھر کوکے ایم سی کا سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم مقرر کیا گیا تھا ۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر جمیل فاروقی نے حکومت کا حکم ماننے سے انکار کردیا ہے۔ جس کی وجہ سے گل محمد کھوکھر بھی سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم کا عہدہ سنبھالنے سے تاحال محروم ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ چند روز قبل ایڈمنسٹریٹر افتخار شالوانی نے سرکلر میں واضح کردیا تھا کہ ان کے دستخط سے جاری کیے جانے والے آرڈر کے سوا کسی پر عمل نہ کیا جائے۔ اسی وجہ سے سیکرٹری بلدیات کے دفتر سے جاری ہونے والے اس آرڈر پر عمل درآمد کرنے سے انکار کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ جمیل فاروقی سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم کے ساتھ ڈائریکٹر ویٹرنری کی اضافی ذمے داری بھی سنبھالے ہوئے ہیں۔ جبکہ 42 سینئر افسران بغیر کسی تعیناتی کے روز دفتر آنے پر مجبور ہیں۔