اسلام آباد(آن لائن)احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے مبینہ منی لانڈرنگ سے سندھ بینک کو 25ارب روپے کا نقصان پہنچانے کے نیب ریفرنس پر سماعت کی ،سابق صدر سندھ بینک بلال شیخ عدالت میں پیش ہوئے ،احتساب عدالت نے نیب کی مہلت کی استدعا پر 3دسمبر تک ریفرنس دائر کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔علاوہ ازیں احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے نہر خیام زمین کے غیر قانونی الاٹمنٹ ریفرنس میں ملزمان کی بریت درخواستوں پر نیب سے حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت2 دسمبر تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور اور دیگر کیخلاف جعلی اکاؤنٹس ریفرنس کی سماعت کی ۔ آصف علی زرداری اورفریال تالپور کی ایک روز کے لیے حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کی، پولیس گرفتار ملزم حسین لوائی کو عدالت کے روبرو پیش نہ کر سکی ۔عدالت نے کیس کی سماعت 19 نومبر تک ملتوی کر دی ۔