زی فائیو سے پاکستانی رقوم ٹیکس کے بغیر باہر جارہی ہیں، فواد چودھری

51

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ ’’زی فائیو‘‘ ایپلی کیشن کے ذریعے پاکستانی رقوم کسی ٹیکس کے بغیر باہر جارہی ہیں جس کا پاکستان کو کوئی فائدہ نہیں، اگر زی فائیو اپنا ذیلی دفتر پاکستان میں کھولے اور ٹیکس ادا کرے تو حکومت کو اعتراض نہیں ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ کابینہ نے اس وجہ سے بھی پلیٹ فارم کو ادائیگی پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔ نیٹ فلیکس جیسی پاکستانی او ٹی ٹی سروس کے بعد نیٹ فلیکس پر پابندی کے سوال سے متعلق فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نیٹ فلیکس کو بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، نیٹ فلیکس سے بھی کہا ہے کہ وہ اپنا ذیلی دفتر پاکستان میں کھولیں تاکہ پاکستانی صارفین جو نیٹ فلیکس استعمال کرتے ہیں وہ ٹیکس کے دائرے میں آسکیں۔ خیال رہے کہ زی فائیو ایک بھارتی وڈیو آن ڈیمانڈ سروس ہے جس پر 12 مختلف زبانوں میں مواد موجود ہے لیکن یہ آن لائن سروس پاکستان میں اس وقت مقبول ہوئی جب اس پر پاکستانی مواد نشر ہونا شروع ہوا۔