میرپورخاص، رجسٹرار آفس میں جعل سازی عروج پر،شہری متاثر

15

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) رجسٹرار آفس میں جعل سازی اور فراڈ عروج پر ، بھاری رشوت کے عوض شہریوں کی کروڑوں روپے کی زمینوں کے جعل سازی کے ذریعے کھاتے تبدیل کر نے کا انکشاف ، متاثر شہری نے سب رجسٹرار اور عملے کے خلاف مقامی عدالت میں فراڈ کا کیس داخل کر دیا جبکہ سب رجسٹرار آفس میں بڑی تعداد میں پرائیویٹ لوگ بھی کام کر رہے ہیں جس کا سیکرٹری ریونیو نے بھی نوٹس لیا تھا۔ اس حوالے سے میرپورخاص کے رہائشی زاہد شاہ اور اٹارنی فاروق لغاری کے مطابق شہر کے قریب ٹنڈو آدم روڈ پر کروڑوں روپے مالیت کی چار ایکٹر زمین کی رجسٹری سب رجسٹرار آفس میں جمع کرائی تھی جن کی کاپیاں ،رجسٹری کے بینک چالان کی کاپیاں سب رجسٹرار آفس کی رسید اور ڈی بک رسید سب ہمارے پاس موجود ہے سب رجسٹرار آفس والوں نے یہ رجسٹری مائیکرو فلمنگ کے لیے حیدرآباد بھیجی اور بعد میں ریونیو داخلے کے لیے کاپی دینے کا کہا لیکن عملہ کتنے ہی دن ہمیں آفس کے چکر لگواتے رہے بعد میں انہوں نے اس رجسٹری میں سب رجسٹرار آفس میں فراڈ اور جعلسازی کرتے ہوئے کچھ رجسٹری کے درمیان کے صفحے پھاڑ کر اسی نمبر اور سیل سرٹیفکیٹ کی رجسٹری پر یوسف نامی شخص کے نام پر مختار کار کو ان چار ایکٹر زمین کے داخلہ کرنے کا لیٹر جاری کیا گیا جس پر متاثر ہونے والے زاہد شاہ اور ان کے اٹارنی فاروق لغاری کی جانب سے سب رجسٹرار میرپورخاص عابد مری،فرمان،ولی لاشاری اور آفس کے دیگر عملے کے خلاف سول کورٹ میں فراڈ کا کیس داخل کر دیا گیا ہے۔ متاثر ین کے مطابق سب رجسٹرار نے عدالت میں طلب کرنے پر تحریری طور پر بیان دیا ہے کہ یہ سب ایک پرائیویٹ بروکر کی جانب سے کیا گیا ہے اور اس میں ہم ملوث نہیں ہیں۔ دوسری جانب زاہد شاہ اٹارنی فاروق لغاری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ سب رجسٹرار اپنا فراڈ اور جعلسازی پرائیویٹ بروکر پر ڈال رہے ہیں جعل سازی کے ذریعے زمین کے کھاتے تبدیل کرنے اور پاور آف اٹارنی پر یوسف نامی شخص کا نام لکھنے کے فراڈ میں سب رجسٹرار عابد مری،فرمان، ولی لاشاری اور دیگر عملہ اور دفتر میں کام کرنے والے پرائیویٹ ایجنٹ ملوث ہیں جو کہ پہلے بھی لاکھوں روپے رشوت لے کر غریب شہریوں کے رجسٹریشن میں جعل سازی کر کے انہیں تباہ کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے سب رجسٹرار آفس میں جمع کرائی گئی اس رجسٹری میں جعل سازی کرنے پر مقامی عدالت میں کیس سمیت تمام ثبوت نیب ،اینٹی کرپشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھیج دیے ہیں اور ہم نے ان سے درخواست کی ہے کہ اس جعل سازی میں ملوث تمام عملے کے خلاف انکوائری سخت سے سخت کارروائی کر کے ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔ واضح رہے کہ میرپورخاص سب رجسٹرار آفس میں کئی پرائیویٹ افرادغیر قانونی طور پر کام کر رہے ہیں جس کی شکایت پر سیکرٹری ریونیو بورڈ نے ان پرائیویٹ افراد کو نکالنے اور ان کی تحقیقات کی ہدایت کی تھی۔