ٹنڈوالٰہیار،اشیاخورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ،شہری پریشان

13

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت )سبزی اور کھانے پینے کی دیگر اشیا کی قیمتوں میں کمی نہ آسکی، غریب آدمی مہنگائی کی چکی میں پس کر مر رہا ہے، انتظامیہ خواب خرگوش میں مصروف ،منافع خور دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹنے میں مصروف۔تفصیلات کے مطابقٹنڈوالٰہیار انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے غریب آدمی مہنگائی کی چکی میں پس کر مر رہا ہے، مگر انتظامیہ خواب خرگوش میں مصروف ہو کر اپنے دفاتر تک محدود ہے، روز مرہ خریدی جانے والی سبزیوں کی قیمت میں کمی نہ آسکی، آلو 60 روپے کلو، پیاز 70 روپے کلو، ہری مرچ 250 روپے، ٹماٹر 160 روپے، گوبی 60 روپے، ادرک 550 روپے، آٹا 65 سے 63 روپے، شکر 100 سے 110 روپے کلو تک فروخت کی جارہی ہے۔ سیب 100 سے 80 روپے کلو، مالٹا 70 روپے کلو، انار 200 روپے کلو، انڈے 165 روپے درجن جبکہ مرغی کا گوشت 350 سو روپے کلو، گائے کا گوشت 460 روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ گھی، کوکنگ آئل، مرچ مصالہ جات و دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاکھوں روپے تنخواہ لینے والی مارکیٹ کمیٹی بھی غیر فعال نظر آتی ہے جبکہ دیگر متعلقہ ادارے بھی اس حوالے سے کوئی دلچسپی نہیں لیتے، جس کی وجہ سے منافع خور غریب لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالٰہیار سے مطالبہ کیا کہ منافع خوروں کیخلاف کارروائی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔