گھروں کو مسمار کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے، محمد قاسم چانڈیو

82

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں گھر بچائو کمیٹی کی کال پر رائس کینال، گھاڑ واہ، آبڑو واہ اور ایریگیشن کالونی کے رہائشیوں نے ممکنہ طور پر گھروں کو مسمار کرنے کیخلاف وی آئی پی روڈ ایریگیشن کمپلیکس دفتر کے باہر روڈ بلاک کرکے دھرنا دیا، جس میں خواتین نے قرآن پاک اٹھاکر مرد اور بچوں کے ہمراہ بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے بھاری تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ دھرنے کے باعث ایس ایس پی چوک سے لاہوری محلے تک ون وے ٹریفک جام ہوگئی، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر گھر بچائو کمیٹی کے رہنماؤں محمد قاسم چانڈیو، علی اکبر تنیو، ڈاکٹر سلیم میرانی، ڈاکٹر ذوالفقار چانڈیو، غلام سرور شیخ، اختر حسین لاڑک و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم گزشتہ 50 سال سے رائس کینال، گھاڑ واہ، آبڑو واہ اور ایریگیشن کالونی میں رہائش پذیر ہیں جبکہ محکمہ آبپاشی کی جانب سے 10 ہزار سے زائد گھروں کو مسمار کرنے کے لیے نوٹسز بھی جاری کردیے گئے ہیں اگر ایسا ہوا تو لاکھوں افراد بے گھر ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گھروں کو مسمار کرنے کا فیصلہ واپس لے کر چھائی پریشانی ختم کی جائے۔