کرپشن نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، فیصل خان زئی

63

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ڈائریکٹر جنرل نیب اور ڈائریکٹر جنرل سندھ پرائیویٹ اسکولز کی مشترکہ کاوشوں سے پورے سندھ کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں میں کرپشن کیخلاف آگاہی مہم کے سلسلے میں طالب علموں کے درمیان سٹی گرامر اسکول میں مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان مقابلوں میں تقریری مقابلے، مضمون نویسی کے مقابلے اور پینٹنگز کے ذریعے معاشرے کا ناسور کرپشن کیخلاف طالب علموں نے اپنی فنی صلاحیت سے اپنی بہترین کاوشوں کا مظاہرہ کیا۔ طالب علموں نے اپنی تقاریر اور پینٹنگ کے ذریعے کرپشن کو ملک کا سب سے بڑا ناسور قرار دیا، جس کی وجہ سے آج ہم تعلیم، صحت، غربت اور بے شمار مسائل کا شکار ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ کرپشن کیخلاف پوری قوم متحد ہوجائے اور ہمارا ملک اقوام عالم میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکے اور یہاں کے عوام کی زندگی میں خوشحالی پیدا ہوسکے۔ اس موقع پر پروگرام کے فوکل پرسن فیصل خان زئی نے کہا کہ کرپشن نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، ہمارے ادارے، ہماری معیشت، ہماری خودمختاری سب کچھ دائو پر لگا ہوا ہے اور اگر ہم نے سخت اور مشکل فیصلے نہیں کیے تو خدانخواستہ ملک کی سلامتی بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ ان مقابلوں میں حصہ لینے والے کامیاب طالب علموں کا فائنل راؤنڈ گورنر ہاؤس کراچی میں ہوگا، جہاں پورے سندھ کے کامیاب طالب علموں کے درمیان مقابلہ منعقد کرایا جائے گا۔