کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنیوالے سابق جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا ہے کہ پاکستان کپتان بابراعظم اور ان کے بھارتی ہم منصب ویرات کوہلی ایک جیسے بلے باز ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ بابر اور کوہلی انتہائی اعلیٰ کھلاڑی ہیں ، بابراعظم نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران اپنی کارکردگی سے عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہونے کی جانب ایک اور قدم بڑھا لیا ہے اور اب ایک روشن مستقبل ان کا استقبال کررہا ہے۔36 سالہ فاف ڈوپلیسی کا مزید کہنا تھا کہ بابراعظم نے اپنی حالیہ ٹی ٹوئنٹی بلے بازی کے ذریعے سب کو متاثر کیا ہے، بعض لوگوں کو لگتا تھا کہ بابر میں بڑے شاٹس کھیلنے کی صلاحیت نہیں ہے لیکن حالیہ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بابر کی کارکردگی بے حد شاندار رہی ہے۔ یاد رہے کہ فاف ڈوپلیسی نے پی ایس ایل 5 کے ایلمنیٹر 1 میں لاہور قلندرز کے خلاف 31 رنز بنائے تھے لیکن ان کی ٹیم میچ جیتنے میں ناکام رہی۔