فرانس نے نظریاتی دہشت گردی کی ہے ، ممتاز حسین سہتو

31

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے کہا ہے کہ فرانس نے ناموس رسالتؐ پر حملہ کرکے انتہا پسندی کا ثبوت دیا ہے اور یہ نظریاتی دہشت گردی ہے جس سے 2ارب مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے جس پر پوری امت سراپا احتجاج ہے، عالمی ادارے مغرب کی ان حرکتوں کا سدباب کریں دوسری صورت میں اس کے
بھیانک نتائج نکلیں گے۔ حب رسولؐ امت مسلمہ کا سب سے بڑااثاثہ ہے اسی تعلق کی بنیاد پر امت کل بھی ایک تھی،آج بھی ایک ہے اور آئندہ بھی ایک رہے گی، کسی بھی حوالے سے امت کی تقسیم اور انتشار پھیلانا کفر کی طاقتوں کی خدمت ہوگی، جماعت اسلامی پاکستان میں حب رسولؐ کے تقاضوں کے مطابق نظام مصطفیؐ کے لیے جدوجہد کررہی ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ پاکستان کے حکمران گزشتہ 70 سال سے اس میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں اور آئے دن اسلامی روایات کو توڑنا ان کا وتیرہ بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دادو میں تحفظ ناموس رسالتؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی امیر مولانا واحد بخش ببر نے بھی خطاب کیا۔ ممتاز سہتو نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے دادو ضلعے کے تفریحی مقام گورکھ ہل پر دسمبر میں نیوائر نائٹ منانا اور فحاشی وعریانی کے پروگرامات کا انعقاد اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے، پوری قوم پہلے ہی کورونا کے عذاب میں گرفتار ہے اگر حکمران ملک وملت کے خیرخواہ ہیں تو شراب، سود، فحاشی اور رشوت پر پابندی عاید کرنے اور ملک میں سنت رسولؐ کے قانون کو غالب کرنے کا اعلان کریں۔