کے الیکٹرک پر 1 کروڑ 44لاکھ ہرجانے کا دعویٰ،نوٹس جاری

46

کراچی(نمائندہ جسارت)سیشن عدالت غربی نے بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے18 سالہ نوجوان شہزاد کی ہلاکت پرکے الیکٹرک کے خلاف 1 کروڑ 44 لاکھ روپے ہرجانے کے دعوے پر کے الیکٹرک کو نوٹس جاری کردیے۔ منگل کو سیشن جج غربی نے بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے18 سالہ نوجوان شہزاد کی ہلاکت پرکے الیکٹرک کے خلاف 1 کروڑ 44 لاکھ
روپے ہرجانے سے متعلق متوفی شہزاد کے والد لازر کی جانب سے دائر دعوے کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 18 سالہ شہزاد بلدیہ ٹائون کا رہائشی تھا اور کے الیکٹرک کی غفلت کی وجہ سے 8 اگست کو کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو ا تھا ، کے الیکٹرک کے کھلے تاروں میں بارش کی وجہ سے کرنٹ پھیلا جبکہ ان کے مؤکل کا بیٹا اپنے گھر والوں کا کفیل تھا، اس کی ہلاکت سے پورا گھر متاثر ہوا ہے ، لہٰذا استدعا ہے کہ کے الیکٹرک کو 1کروڑ 44لاکھ روپے ہرجانا ادا کرنے کا حکم دیا جائے، بعد ازاں عدالت نے کے الیکٹرک کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔