گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات خواب ہی رہے ، لیاقت بلوچ

83

 

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی و مرکزی سیاسی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ آئین کے مطابق جب تک پاکستان میں بااختیار بلدیاتی نظام اور شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابی نظام نافذ نہیں ہوتا ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شفاف ، غیر جانبدارانہ انتخابات خواب ہی رہے گا۔ گلگت بلتستان کے معاملے میں عمران خان کا غیر ذمے دارانہ رویہ ، جی بی انتخابی مہم میں وزرا کی بچگانہ ، کھلنڈرانہ انتخابی مہم نے مسئلہ کشمیر کو بہت نقصان پہنچایا ہے ۔ وفاق کا موجودہ رویہ اور اسلوب حکمرانی گلگت بلتستان کے عوام کے لیے غیر یقینی صورتحال برقرار رکھے گا ۔آزاد کشمیر اور جی بی کے عوام کو حقوق دینے کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے قومی حکمت عملی اور قومی وحدت ، ایکشن پلان بنایا جائے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ ریاست مدینہ کے دعوے دار حکمران نے عاشقان مصطفیٰؐ پر لاٹھی چارج ، آنسو گیس ، تشدد ، گرفتاریاں کر کے اپنے ہر دعوے کو جھٹلا
دیاہے ۔ حکومت شاتم رسول ؐ کی حفاظت کرتی ہے اور عالمی سطح پر گستاخان رسول ؐ کی حمایت میں اپنے ملک کے عوام پر ظلم کر رہی ہے ۔ حکومت فرانس نہیں امریکی دبائو میں ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فرانس کے سفیر کو بے دخل کیا جائے ۔ فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کیے جائیں ، اسلامو فوبیا پر صرف تقریر یں نہیں ، مضبوط اقدام کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ایک مظاہرے پر ڈھیر ہوگئی ہے جب پورے ملک سے احتجاجی قافلے ، کارواں اسلام آباد کی طرف آئیں گے تو حکومتی نظام ہوا میں اڑ جائے گا ۔ عوام عشق مصطفیٰؐ سے سرشار ہیں ۔ آئین ، جمہوری ، پارلیمانی نظام کی بحالی چاہتے ہیں ۔ مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت اور اسٹیٹس کو نے عوام کو احتجاج پر مجبور کردیاہے ۔