سندھ  سیلز ٹیکس ادائیگی کا نوٹیفکیشن منسوخ،سابقہ پوزیشن بحال

90

 

سندھ ہائیکورٹ نے مجموعی رقم پر سیلز ٹیکس ادائیگی کے سندھ ریونیو بورڈ کا نوٹیفکیشن منسوخ کر کے سابقہ اصل پوزیشن پر بحال کردیا ہے ۔ جس کے مطابق اب صرف سروس چارجز پر سیلز ٹیکس وصول کیا جاسکے گا۔واضح رہے کہ سندھ ریونیو بورڈ نے5 جون 2017 کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے سندھ سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2011 (ایکٹ XII 2011) کے سیکشن 8 (2) میں اور سروسز رولز 2011 (قواعد) پر سندھ سیلز ٹیکس کے رول 42-E میں ترمیم کی گئی تھی۔اس کے نتیجے میں یکم جولائی2017 کو کمپنیوں کو افرادی قوت کو دی جانے والی مجموعی رقم پر سیلز ٹیکس ادا کرنے کا پابند کیا گیا تھا۔
ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان( ای ایف پی) نے آجروں کا نمائندہ ہونے کے ناطے اس معاملے کا نوٹس لیا اور ممبرز کمپنیوں کی طرف سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایڈووکیٹ ظہیر منہاس کے توسط سے سندھ ہائیکورٹ کراچی میں بڑی تعداد میں آئینی درخواستیں دائر کیں۔جناب جسٹس جنید غفار اور جناب جسٹس آغا فیصل پر مشتمل ڈویژن بنچ نے اس معاملے پر 17 نومبر2020 کو سماعت کی اور آئینی درخواستوں کو قبول کیا اورمجموعی رقم پر سیلز ٹیکس ادائیگی کے سندھ ریونیو بورڈ کی جانب سے نوٹیفکیشن منسوخ کر کے مجموعی رقم کی بجائے صرف سروس چارجز پر سیلز ٹیکس ادائیگی سابقہ اصل پوزیشن پر بحال کردیا ہے۔