مقبوضہ کشمیر: سی آر پی ایف کی مزید 49بٹالینوں کی تعیناتی کے احکامات

80

سری نگر (اے پی پی)بھارت نے غیر قانونی طور پر اپنے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں نام نہاد ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی ) اور پنچایت انتخابات کے سلسلے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی 49اضافی بٹالینوں کی تعیناتی کے احکامات دیے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی آر پی ایف کے مزید ہزاروں اہلکار بھارت کی مختلف ریاستوں سے مقبوضہ علاقے میں منتقل کیے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس میں بھارتی سرکاری افسروں کے حوالے سے بتایا گیا کہ متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں اسلحہ و گولہ بارود کی مطلوبہ پیمانے فراہمی ، انسداد فسادات کے خصوصی سامان اور موسم سرما کے لباس سمیت دیگر تمام ضروری انتظامات کرنے کو کہا گیا ہے۔علاوہ ازیں نامعلوم مسلح افراد نے ضلع پلواما میں بھارتی فورسز پر دستی بم سے حملہ کیا جس سے 12 شہری زخمی ہو گئے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ضلع کے علاقے کاک پورہ میں بھارتی پولیس اور سینٹرل ریزروپولیس فورس کی مشترکہ ٹیم پر دستی بم سے حملہ کیاتاہم دستی بم فورسز کے بجائے سڑک پر راہگیروں کے درمیان جاگرا جس سے 12 شہری زخمی ہو گئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیاگیا ہے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ حملے کے فوری بعد علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشی کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔دوسری جانب ضلع بارہ مولہ میں سوپور کے علاقے واڈورہ میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورسزکے ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایک سرکاری عہدیدار نے خودکشی کرنے والے اہلکارکی شناخت بھارتی ریاست اڑیسہ کے رہائشی 42سالہ کانسٹیبل رجت کمار کے طور پر کی ہے۔