تاریخ کا بہترین بلدیاتی نظام لارہے ہیں(میئر براہ راست منتخب ہوگا ‘وزیراعظم)

106
فیصل آباد: وزیر اعظم عمران خان ایوان صنعت و تجارت کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

فیصل آباد(آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پرانا بلدیاتی نظام ناکام ہوچکا اور اب تاریخ کا بہترین نظام لارہے ہیں، میئر براہ راست منتخب ہوگا۔فیصل آباد میں برآمد کنندگان اور تاجر برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوںنے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ہر شہر بااختیار ہوگا، میئر اپنی کابینہ منتخب کرے گا جس میں ماہرین ہوں گے،حکومت کی ذمے داری ہے وہ شہریوں کو سہولیات فراہم کرے، ملکی مسائل کی کمی میں بلدیاتی نظام اہم کردار ادا کرتا ہے۔عمران خان کا کہنا تھاکہ فیصل آباد جیسا شہر کبھی بھی صرف صوبائی ترقیاتی فنڈ سے ٹھیک نہیں ہوسکتا، صرف لاہور پر پیسہ خرچ کریں گے تو پنجاب کے باقی شہر پیچھے رہ جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ فیصل آباد میں ہائیکورٹ بینچ کے قیام کی بات سے بھی متفق ہوں، ایک دن آئے گا کہ مانچسٹر کہے گا کہ فیصل آباد ہم سے آگے نکل گیا، انسان کو سوچ بڑی رکھنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مہنگائی پر بہت برا بھلا کہا گیا لیکن اس کی وجہ یہ تھی کہ ملکی برآمدات کم اور درآمدات زیادہ تھیں، تجارتی خسارہ بہت زیادہ تھا۔عمران خان نے کہا کہ منافع کمانا جرم نہیں ہے لیکن جائز طریقے سے پیسہ بنایا جائے اور ٹیکس دیا جائے، ناجائز منافع خوری نہ کی جائے، جیسے چینی مافیا نے گٹھ جوڑ کرکے چینی مہنگی کی، حکومت اس کے خلاف ہے۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ الیکشن سے پہلے یہاں آیا تو صنعتیں بند ہو رہی تھیں اور آج اتنا کام ہے کہ یہاں ٹیکسٹائل کی لیبر نہیں مل رہی، انڈسٹری بڑھے گی تو قرضوں کا پہاڑ اتار سکیں گے، اب ہمیں ٹیکسٹائل صلاحیتوں کے لیے انسٹی ٹیوٹ بنائیں گے، فیصل آباد کی سڑکوں پر سرمایہ کاری کریں گے،کورونا کی صورتحال بگڑی تو معیشت پر بھی اثرات ہوں گے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ کراچی کے لیے بھی بڑا پیکیج تیار کیا ہے، کراچی اور فیصل آباد اوپر جائیں گے تو ملک اوپر جائے گا، یہ الگ بات ہے کہ آپ دونوں شہروں میں اتنا شعور تھا کہ آپ نے صحیح پارٹی کو ووٹ دیا۔