اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے زیارت پالیسی بنائینگے، نورالحق قادری

88

اسلام آباد (اے پی پی) جامع زیارت پالیسی کی تشکیل کے لیے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت بین الوزارتی اجلاس بدھ کو وزارت مذہبی امور میں ہوا جس میں وزارتِ داخلہ، وزارت خارجہ، وزارتِ خزانہ، پلاننگ ، مواصلات ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور سیکورٹی اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے کہا کہ وفاقی کابینہ کی ہدایات کے مطابق تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک جامع زیارت پالیسی وضع کی جائے گی۔ ایران، عراق، شام کے مقدسات کے زائرین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج و عمرہ آپریٹرز کی طرز پر زیارت گروپ آپریٹرز تشکیل دئیے جائیں گے۔کوئٹہ اور تفتان میں زائرین کی عارضی رہائش، طبی اور سفری سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا۔بغداد، کربلا اور نجف میں زائرین اور زیارت گروپ آپریٹرز کی سہولت کے لیے اضافی عملہ تعینات کیا جائے گا۔براستہ سڑک سفر کرنے والے زائرین کی سہولت کے لیے روڈ نیٹ ورک مزید بہتر کیا جائے گا۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لیے ایران ، عراق .حکومتوں کے ساتھ باہمی تعاون کی یاداشتپربھی دستخط ہوں گے۔