اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز کے فوج کے رینکس کے اندر بغاوت کے بیان سے ن لیگ پر پابندی لگ سکتی ہے، نواز شریف کی واپسی کا سو فیصد چانس ہے اس لیے اب وہ دوبارہ بیماری کا بہانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے اپوزیشن جماعتوں کے بیانیے کو مسترد کر دیا، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) رینٹ اے کرائوڈ ہے جو اپوزیشن جماعتوں کے بدعنوان اور مفرور قائدین کو بچانے کے لیے تگ و دو کر رہا ہے، پی ڈی ایم ٹوٹ چکی ہے، اب صرف ظاہری چہرہ رہ گیا ہے اور اس کا حشر بھی گلگت بلتستان انتخابات جیسا ہو گا۔ بابر اعوان نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے الزام لگایا ہے کہ سندھ حکومت نے کروڑوں روپے خرچ کیے جو کہ پی ڈی ایم کی ٹوٹ پھوٹ کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما مریم نواز نے اپنا آخری پتا کھیل لیا ہے، ان کا فوج کے رینکس کے اندر بغاوت کے بیان سے ن لیگ پر پابندی لگ سکتی ہے۔