لاہور،راولپنڈی(خبر ایجنسیاں) قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کے خلاف ایک اور کرپشن ریفرنس دائر کردیا گیا۔ نیب لاہور نے شہباز شریف کے بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران یوسف کیخلاف ریفرنس فائل کردیا۔ رابعہ عمران، عمران علی سمیت دیگر پر 37 کروڑ 5 لاکھ 28 ہزار کا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔دائر کردہ ریفرینس کے مطابق صاف پانی واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مد میں 13 کروڑ سے زاید کی کرپشن کی گئی۔سامان کی مہنگے داموں خریداری کے باعث 13 کروڑ 32 لاکھ کا قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ سولر ورک کی مد میں قومی خزانے کو 8 کروڑ 16 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا۔رابعہ عمران، عمران علی سمیت دیگر پر قومی خزانے کو 2 کروڑ 47 لاکھ کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ریفرینس میں مرکزی ملزم وسیم اجمل کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔واضح رہے اس سے قبل منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی اہلیہ، بیٹی رابعہ اور داماد عمران یوسف نامزد ہوچکے ہیں۔ علاوہ ازیں ان کے دونوں بیٹے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے خلاف بھی منی لانڈرنگ کے مقدمات چل رہے ہیں۔علاوہ ازیں نیب راولپنڈی نے نارووال اسپورٹس سٹی میں اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کردیا۔ بدھ کے روز نیب راولپنڈی نے نارووال اسپورٹس سٹی میں اختیارات کے غلط استعمال اور پروجیکٹ سات سو تیس ملین سے تین ارب تک پہنچانے کے الزام میں احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کردیا۔ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا گیا۔ریفرنس میں احسن اقبال،سابق ڈی جی اختر نواز،سرفراز رسول نامزد کیا گیا ہے جبکہ آصف شیخ اور محمد احمد بھی ملزمان کی فہرست میں شامل ہیں۔ریفرنس میں کہا گیا کہ احسن اقبال نے اختیارات کاناجائزاستعمال ،بجٹ میں اضافہ کرایا، پراجیکٹ 34.75ملین سے 2994ملین روپے تک پہنچایا گیا۔ ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ احسن اقبال نے غیر قانونی طور پر صوبائی پراجیکٹ کو ہائی جیک کیا، 730ملین کا پراجیکٹ 3ارب تک پہنچایا،وفاق کاپیسہ لگایاگیا، یہ پراجیکٹ پنجاب حکومت نے مکمل کرنا تھا۔یاد رہے کہ نارووال اسپورٹس سٹی پروجیکٹ نواز شریف کے دوسرے دور 1998میں شروع کیاگیا ،احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس سٹی بڑھا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔