احساس کفالت کی اگلی قسط آئندہ ہفتے جاری کی جائیگی، ثانیہ نشتر

42

اسلام آباد(اے پی پی)جولائی تا دسمبر 2020 کیلیے احساس کفالت کی اگلی قسط آئندہ ہفتے جاری کردی جائے گی۔ مستحقین بائیومیٹرک کے ذریعے رقوم حاصل کرسکیں گے۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مستحقین کے لیے اے ٹی ایمز کے استعمال کو بہتر بنانے کیلیے ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں فیلڈ سے یہ رائے موصول ہورہی ہے بہت سی بینک برانچوں میں افسران مستحقین کی لمبی قطاروں کوبہتر انداز میں سہولت فراہم نہیں کرپارہے جواس بات کی نشاندہی ہے کہ اے ٹی ایمز کام نہیں کررہے ۔ مستحقین کے پاس بائیومیٹرک پر مبنی اے ٹی ایم، بائیومیٹرک ریٹیل شاپ یا متعلقہ بینکوں کی کسی بھی بائیومیٹرک طور پر فعال برانچ جانے کا موقع موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے مستفید ہونے والوں کی تعداد 4.6ملین سے بڑھا کر 7ملین کرنے کی منظوری دی ہے جس کے لیے غربت سروے اور اعدادو شمار کا تجزیہ ملک بھر میں مکمل ہونے کے قریب ہے، سروے میں رہ جانے والے گھرانوں کے لیے ہر ضلع میں تحصیل سطح پر احساس رجسٹریشن ڈیسک کاآپشن موجود ہے۔ مخصوص ضلع میں رجسٹریشن ڈیسک کا قیام غربت سروے کی تکمیل سے منسلک ہے۔ احساس کفالت حکومت کی جانب سے سماجی تحفظ کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کے تحت ملک بھر کی غریب اور مستحق خواتین کو 2000روپے ماہانہ وظیفہ مہیا کیاجاتاہے۔