بھارت آر ایس ایس کے دہشت گردوں کے قبضے میں ہے، لیاقت بلوچ

23

لاہور (نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ بھارت کی داخلہ اور خارجہ پالیسی آر ایس ایس کے دہشت گردوں کے قبضے میں ہے ۔ جموں و کشمیر پر ظلم مسلسل جاری ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کی ہر واردات کی پشت پر بھارت ہے ۔ وزیراعظم عمران خان بھارت کے خلاف جذباتی بیان داغ دیتے ہیں لیکن قومی متفقہ کشمیر پالیسی اور بھارت کے خلاف جارحانہ سفارتی ایکشن پلان بنانے کے لیے تیار نہیں ۔ بدقسمتی ہے کہ حکومت کا غیر ذمے دارانہ اور غیر سنجیدہ رویہ سیاست میں فاصلے بڑھارہاہے جس کا سراسر نقصان مسئلہ کشمیر کا اور فائدہ بھارت کو ہو رہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ22 کروڑ عوام کے دل ، جذبات جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں ملک کے بدترین اقتصادی بحران کا ذمے دار وزیراعظم عمران خان کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اندازہ اور احساس نہیں کہ غریب پس گئے اور سفید پوش کے لیے زندگی کی گاڑی چلانا نا ممکن ہوگیاہے ۔ مہنگائی ، غربت ، رشوت ، سرکاری دفاتر میں عوام کی تباہی ملک کو پر تشدد تحریک کے لیے منظم کر رہی ہے ۔ جماعت اسلامی کی تحریک عوامی امنگوں کی ترجمان ہے ۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ملک بحرانوں سے نجات پائے گا ۔