اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ مقدمات ختم کرائو ، عدلیہ وہ آزاد مانی جائے گی جو انہیں صرف ریلیف دے ،2018ء کی طرح گلگت بلتستان کے عوام نے بھی اپوزیشن کو مسترد کردیا پھر بھی یہ لوگ کس منہ سے جلسے کر رہے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نامی بنارسی ٹھگوں نے نیا ایڈیشن پیش کیا، اتنا عرصہ ان کی حکومت رہی انہیں کبھی خیال نہیں آیا کہ آئین پر عملدرآمد یقینی بناتے، ہمارا واسطہ ان لوگوں سے ہے جنہوں نے انتہا کی کرپشن کی، یہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، انہی لوگوں نے اداروں کو مفلوج کیا ہے، اپوزیشن کا رویہ غیر ذمے دارانہ ہے۔سینیٹر شبلی فراز نے اپوزیشن کو جلسوں کے انعقاد پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سیاسی وبا نہیں، اپوزیشن ذہنی توازن کھو بیٹھی ہے، تحریک انصاف نے کورونا کی وجہ سے تمام جلسے ملتوی کر دیے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں دوبارہ کورونا پھیلے، مولانا فضل الرحمن کو مذہبی رہنما ہونے کے ناطے لوگوں کو تلقین کرنی چاہیے لیکن وہ اسلام کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کورونا وبا کے دوران حکومتی یا اپوزیشن کے جلسوں میں نہیں جائیں اس سے نقصان ہوگا۔شبلی فراز نے کہا کہ 2018ء کی طرح گلگت بلتستان کے عوام نے بھی اپوزیشن کو مسترد کردیا لیکن یہ لوگ کس منہ سے جلسے کر رہے ہیں، ان کی حیثیت کیا ہے اور یہ لوگ الیکشن نتائج کو نہ ماننے والے ہوتے کون ہیں۔ انہوں نے کہ چینی اسکینڈل کے حوالے سے الزام مضحکہ خیز اور غیر ذمے دارانہ بیان ہے، مولانا فضل الرحمن میں اتنی اخلاقی جرأت نہیں کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آر) کے سابق چیئرمین شبر زیدی سے متعلق جھوٹ بولنے کے بعد معذرت کرلیں۔