پاکستان کرکٹ ٹیم جولائی میں انگلینڈ جائیگی،انگلش ٹی 20 ٹیم کی اکتوبر میں آمد

118

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے 16 سال بعد پہلی مرتبہ دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔ترجمان کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان میں 2 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔ یہ میچز 14 اور 15 اکتوبر کوکراچی میں کھیلے جائیں گے۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم 12 اکتوبر کو کراچی پہنچے گی۔دورے کے اختتام پر دونوں ٹیمیں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کیلئے16 اکتوبر کو اکٹھے بھارت روانہ ہوجائیں گی۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈنے بھی دورہ پاکستان کی تصدیق کردی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ہفتے انگلینڈ کو جنوری 2021 میں مختصر دورانیے کے لئے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ انگلینڈ نے آئندہ سال اکتوبر میں دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا 16 سال بعد پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ جو سیزن 23-2022 میں دونوں ممالک کے مابین وائٹ اور ریڈ بال کرکٹ سیریز کے انعقاد میں بھی معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس دورے کی تصدیق ہمارے اس موقف کی تائید کرتی ہے کہ پاکستان کھیلوں کے لیے ایک محفوظ ملک ہے۔چیف ایگزیکٹو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ٹام ہیریسن نے کہا کہ وہ انگلینڈکرکٹ ٹیم کا آئندہ سال اکتوبر میں دورہ پاکستان کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2005 کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے ساتھ ہمارے تعلقات مضبوط اور اچھے اور انہی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم وہاں کے فینز کے لیے ان کے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی محفوظ واپسی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔برٹش ہائی کمشنر آف پاکستان ڈاکٹر کرسٹن ٹرنر کاکہنا ہے کہ وہ جب سے پاکستان آئے ہیں انہوں نے پاکستان میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے استقبال کو اپنا ہدف بنایا ہوا تھا۔ اب 16 سال کا انتظار ختم ہوا اور انہیں خوشی ہے کہ 2021 میں انگلینڈ کی ٹیم یہاں پاکستان آکر کرکٹ کھیلے گی۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ سال جولائی میں انگلینڈکا دورہ کرے گی۔ ترجمان کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔اس دورے میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں۔لیگ میں شامل3 ایک روزہ میچز 8، 10 اور 13 جولائی کو بالترتیب کارڈف،لندن( لارڈز) اور برمنگھم میں کھیلے جائیں گے۔ 16، 18 اور 20 جولائی کو شیڈول 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بالترتیب نوٹنگھم، لیڈز اور مانچسٹر میں کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے اس کوالیفائنگ رائونڈ میں انگلینڈ کی ٹیم اب تک پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ ان کے پوائنٹس کی تعداد 30 ہے جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 20،20 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔