پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد ایک اور وعدہ پورا کردیا،احسان مانی

68

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہاہے کہ انہوں نے گزشتہ سال وعدہ کیا تھا کہ پاکستان سپر لیگ 2020 اپنے آغاز سے اختتام تک پاکستان میں ہی ہوگی،ایونٹ کے تعطل کے دوران بھی انہوں نے اسی وعدے کو دہرایاتھا اورانہیں خوشی ہے کہ ہر طرح کے چیلنجز اور مسائل سے نمٹنے کے بعد وہ ملک میں کرکٹ کے مداحوں کے لیے ایک مکمل اور کامیاب ایونٹ کے انعقاد کو یقینی بناسکے ۔بدھ کو جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ کھیل فینز کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں لاہور اور کراچی کے مابین کھیلا گیاایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا تماشائیوں کے بغیر کھیلا گیا اور ہمیں اس دوران ان کی کمی شدت سے محسوس ہوئی ، ہم یہ تصور کرسکتے ہیں کہ اگر حالات معمول پر ہوتے تو اس ایونٹ کی فاتح ٹیم اپنی جیت کا جشن تماشائیوں کے سامنے کس شاندار انداز سے مناتی۔احسان مانی نے کہا کہ وہ ان تمام مداحوں کے مشکور ہیں جو بھرپور انداز سے ٹی وی اسکرین، لائیو اسٹریمنگ اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر متحرک رہے، ان فینز نے ایک منظم انداز سے لیگ کے برانڈ کی قدر و منزلت بڑھانے کے ساتھ ایسے پلیٹ فارمز پر دنیا کے سامنے پاکستان کا ایک مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی اپنا حصہ ڈالا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ملک میں ہر لمحہ بدلتی کورونا وائرس کی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں اور اسے پیش نظر رکھتے ہوئے ہم متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے کوئی ایسا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے کہ جس سے آئندہ سال پی ایس ایل اور دیگر انٹرنیشنل میچوں میں فینز کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت مل سکے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ اس موقع پر حکومت سندھ اور مقامی سیکورٹی ایجنسیز کی جانب سے بھرپور تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں کہ جنہوں نے پاکستان کرکٹ کو ایک کامیاب ایونٹ کے انعقاد کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ احسان مانی نے کہا کہ اس دوران پی سی بی کے اسٹاف نے کورونا وائرس کی وجہ سے درپیش کئی چیلنجز کے باوجود دن رات ایک کرکے اس ایونٹ کوکامیاب بنایا۔