سہولت بازاروں کے نام پر عوام کا مذاق اڑایا جا رہاہے،پروفیسر محبوب الزماں

48

فیصل آباد (وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سہولت بازاروں کے نام پر بھی عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئی ہے، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اورحقیقی ریلیف کے لیے گیس، بجلی،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے،سہولت بازاروں کے نام پر عوام مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کی بے بسی کا مذاق اڑایا جا رہاہے۔ اسٹالز پر چینی اورآٹاتک موجود نہیں ،سابقہ حکمرانوں نے اتنی بدنامی پانچ سال میںنہیں سمیٹی جتنی موجودہ حکومت نے دو سال میں سمیٹ لی ہے،تبدیلی کے نام پر عوام سے شرمناک دھوکہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کے لیے منافع خوروں کو کھلا چھوڑ دیا ہے۔ سبزیاں،پھل اور روزمرہ کی اشیائے ضروریہ عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں ۔ دالیں مرغی کے گوشت سے بھی مہنگی ہوگئی ہیں اور90روپے کلو والی دال200روپے کلو تک بیچی جارہی ہے۔بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ اب عوام کے لیے دووقت کی روٹی اپنے بچوں کوکھلا نا بہت مشکل ہوگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اب محض خالی خولی بیانات دینے سے یہ معاملہ حل نہیں ہوگا ۔حکومت صرف زبانی جمع خرچ سے کام لے رہی ہے،حکومت پنجاب نے مہنگائی پر کنٹرول کرنے کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹیاں بنائی تھیں لیکن ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں سے ملی بھگت کرکے مصنوعی طور پر قیمتیں بڑھانے کامذموم دھنداجاری ہے۔انہوں نے کہاکہ غریب عوام کو مہنگائی کے حالیہ طوفان نے زندہ درگور کردیاہے ۔آج تک مصنوعی مہنگائی پیداکرنے والوں کے خلاف سنجیدگی سے ایکشن نہیں لیاگیا۔انہوں نے کہا کہ ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے اور معاشی بحران سیاسی بحرانوں میں بدلتے دیر نہیں لگتی ۔جب لوگوں کی امید یں محرومیوں میں بدلتی ہیں تو ان کے تیور بھی بدل جاتے ہیں ،زندہ باد کے نعرے لگانے والے مردہ باد کہنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران حالات پر جلد قابو پانے میں ناکام رہے تو لوگ مرنے مارنے پر تل جائیں گے ۔ موجودہ حکومت تیزی سے عوامی حمایت کھورہی ہے۔ خوشنما نعروں اور بلند وبانگ دعوئوں پر ووٹ دینے والے بددل اور مایوس ہوکر حکومت کا ماتم کر رہے ہیں۔