حیدرآباد ،گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کا نجکاری کیخلاف احتجاج

72
حیدر آباد، گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے تحت مطالبات کی عدم منظوری پر پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا جارہا ہے

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کی جانب سے سندھ میں مہنگائی، بے روزگاری، سرکاری اداروں کی نجکاری اور دیگر مطالبات کے حق میںگل سینٹر سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پر گورنمنٹ سیکنڈری ٹیچرز ایسوسی ایشن (گسٹا)، آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن ایپکا، آل پاکستان واپڈا ایمپلائز یونین، آل سندھ لوئر اسٹاف ایسوسی ایشن سمیت دیگر تنظیموں کے رہنما¶ں احمد علی سولنگی، اشرف بوزئی، ساجن پنہور، یونس خان، عیسیٰ سنگراسی، شہزاد کرم ودیگر نے کہا کہ مہنگائی کے سبب ملازم پیشہ افراد سمیت دیہاڑی پر کام کرنے والے محنت کش، بھوک، بدحالی کا شکار ہیں۔ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران ہونے والی مہنگائی نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ وفاقی حکومت خود بڑے اداروں کی نجکاری کی منصوبہ بندی کررہی ہے، جس کے باعث جہاں ایک طرف مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان آئے گا تو دوسری جانب اداروں کی کارکردگی سخت متاثر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محکموں کے ملازمین بھی اپنے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے سخت پریشان اور سراپا احتجاج ہیں۔ ملازمین تنخواہوں، پنشن، بقایا جات کی ادائیگی سمیت کچے ملازمین مستقلی کے لیے احتجاج پر مجبور ہیں۔ اساتذہ گیارہ ماہ سے تنخواہوں سے محروم اور ٹائم اسکیل سمیت دیگر مراعات سے محروم ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل، مہنگائی کے حساب سے تنخواہوں میں اضافہ اور ملک سے مہنگائی کا خاتمہ کرکے قیمتوں کو عام آدمی کی پہنچ تک لایا جائے۔