نہروں کو پختہ کیا جائے تاکہ زمینیں سیم سے محفوظ رہیں، امان اللہ شر

108

شکارپور (نمائندہ جسارت) نہروں کو پختہ کیا جائے تاکہ زمینیں سیم سے محفوظ رہیں، امان اللہ خان شر۔ پی پی ہاری کمیٹی کے جنرل سیکرٹری امان اللہ خان شر نے (سیاپپ) ایریگیٹیڈ ایگریکلچرل پروڈکٹوٹی انہانسمنٹ پروجیکٹ کے واٹر مینجمنٹ ایڈیشنل ڈائریکٹر ضلع شکارپور علی بخش بروہی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفتاب احمد شیخ سے کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے ملاقات کی۔ اس موقع پر امان اللہ خان شر نے ایڈیشنل ڈائریکٹر علی بخش بروہی کو کہا کہ کسان کے مسائل کو حل کریں اور چھوٹی چھوٹی نہروں کی مرمت کرکے پختہ کیا جائے تاکہ کسانوں کو بروقت پانی مل سکے اور پانی ضائع نہ ہو تاکہ زمینیں سیم سے محفوظ رہیں۔ علی بخش بروہی نے یقین دلایا کہ کسانوں کے مسائل حل کریں گے۔ اس موقع پر امان اللہ خان شر نے (سیاپپ) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر علی بخشی بروہی کو کسانوں کے لیے جدید آبپاشی نظام ڈرپ ایریگیشن سسٹم فراہم کرنے کا کہا۔ اس موقع پر امان اللہ خان شر نے کہا کہ ڈرپ نظام آبپاشی ایک ایسا نظام ہے، جس میں سبزیوں اور پھلوں کو ایک ہی وقت میں پانی اور کھاد مل جاتی ہے اور کاشتکار کا وقت بھی ضائع نہیں ہوتا جبکہ ڈرپ ایریگیشن سسٹم سے پانی کی درست فراہمی ایک ہی وقت پر سب فصلوں کو ہوجاتی ہے اور پانی قطروں کی صورت میں براہ راست جڑوں میں داخل ہوتا ہے۔ زرعی اراضی کو زرخیز بنانے کے لیے ڈرپ ایریگیشن سسٹم کا انتخاب اہم ترین قدم ہے۔ ڈرپ ایریگیشن سسٹم میں کھاد، وقت، مزدوری اور پانی کی 50 فیصد تک بچت ہوتی ہے اور وقت سے پہلے فصلیں تیار ہوجاتی ہیں۔