جیکب آباد ،گیس پریشر ولوڈشیڈنگ سے شہری و تاجر پریشان

17

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پریشر کے کم ہونے کی شکایات۔ جیکب آباد میں سردی کے آتے ہی نائب محلہ، غریب آباد اور بابو محلہ کے رہائشی سوئی گیس کے کم پریشر اور غیر اعلانیہ بندش کے باعث شدید ترین اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں۔ اہل محلہ حاجی اسماعیل، شاہد عباسی، عبدالباسط، ہارون کلواڑ، انجینئر اعجاز، حبیب اللہ، امدا علی، میر محمد و دیگر کا کہنا ہے کہ ویسے تو پورے شہر کا حال بہت ابتر و برا ہے لیکن نائب محلہ غریب آباد اور بابو محلہ میں سو فیصد ریکوری ہونے کے باوجود گزشتہ کئی سال سے سوئی گیس انتظامیہ کی نااہلی اور عدم توجہ کے باعث گیس کی فراہمی نہ ہونے کے برابر بلکہ معطل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گیس کی فراہمی نہ ہونے سے بچے بغیر ناشتہ کیے اسکول جانے پر مجبور ہیں۔ گھریلو امور شدید متاثر، زندگی اجیرن اور کھانے کے لیے لکڑیوں کے استعمال سے عوام بیمار اور ایل پی جی کے زائد اخراجات سے، مہنگائی کے اس دور میں مکمل خوار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے گیس پائپ لائن تبدیل نہ ہونے سے وہ ناقص و ناکارہ بن چکی ہیں، افسوس کا مقام ہے کہ ہم نے سوئی گیس انتظامیہ کو کئی مربتہ شکایات درج کروائیں مگر اب تک کوئی داد رسی نہیں ہوئی۔ انہوں نے مقتدر حلقوں، سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔