سمیع اسلم کا پاکستانی کرکٹ چھوڑ کر بیرون ملک جانے کا فیصلہ

155

دلبرداشتہ سمیع اسلم نے پاکستانی کرکٹ کو خیرباد کرنے کا فیصلہ کرلیا اور وہ آئندہ چند روز میں امریکہ کے لیے روانہ ہوجائیں گے.

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر سمیع اسلم نے قومی ٹیم میں  منتخب نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے قائد اعظم ٹرافی کے بقیہ میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم قومی کرکٹ چھوڑنے سے متعلق حتمی اعلان آئندہ چند روز میں کریں گے.

رپورٹس کے مطابق سمیع اسلم نے یو ایس اے کرکٹ بورڈ سے 3 سال کا معاہدہ کرلیا اور ان کو ایکسٹرا آرڈنری ابیلیٹی  ویزہ کیٹگری کے تحت امریکی ایمیگریشن ملی ہے جس کے تحت قومی کرکٹر کا 10 دن بعد امریکہ جانے کا امکان ہے.

قومی کرکٹر  سمیع اسلم نے پی سی بی کو باضابطہ طور پر خط کے ذریعے آگاہ بھی کردیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ بیرون ملک مصروفیات کے باعث کرکٹ نہیں کھیل سکتا.

واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹر سمیع اسلم نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے منتخب نہ ہونے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کار کردگی دکھانے کے باوجود دورہ نیوزی لینڈ کے 35 رکنی کھلاڑیوں میں میرا نام نہیں.