کورونا ویکسین کیلئے 15 کروڑ ڈالر منظور

89

کورونا ویکسین کی ایڈوانس خریداری کے لیے حکومت نے 15 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی ہے.

تفصیلات کے مطابق مشیرخزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عالمی وبا کورونا وائرس کی ویکسین کے لیے ایڈوانس بکنگ کی منظوری دے دی گئی ہے.

کورونا ویکسین کی ایڈوانس خریداری میں پہلے مرحلے میں ایک کروڑ افراد کیلئے ویکسین خریدی جائے گی.

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل ملز ملازمین کے بقایاجات کیلیے ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری کے ساتھ ساتھ پنجاب کو 3 لاکھ 40 ہزار ٹن گندم درآمد کرنے کی بھی اجازت دیدی.

یاد رہے کہ چند روز قبل پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کے لیے ایڈوانس بکنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومتی سطح پر پاکستان نے 2 بڑی فارما سیوٹیکل کمپنیوں سے رابطہ کرلیا۔

سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے دوا کی ایڈوانس بکنگ کرانے کی منظوری دے دی اور بہت جلد پاکستان ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کے لیے رقم ادا کر دے گا۔ پہلے مرحلے میں ایک کروڑ پاکستانیوں کو ویکسین میسر آئے گی۔

ڈاکٹر نوشین حامد کا مزید کہنا تھا کہ پہلے مرحلے پر فرنٹ لائن ورکرز اور 65 سال سے بڑی عمر کے لوگوں کو ویکسین لگے گی۔