کراچی(اسٹاف رپورٹر)بین الاقوامی باکسر ساؤتھ ایشن گولڈ میڈلسٹ عبدالخالق بلوچ کی سربراہی میں ایک وفد نے فنکشنل لیگ ہاؤس کراچی میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالرحیم سے ملاقات کی اور سندھ سے باکسنگ کے خاتمے کے حوالے سے خدشات سے آگاہ کیا ، اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالرحیم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی عدم دلچسپی کے باعث باکسنگ کا کھیل سندھ سے ختم ہوتا ہوا نظر آرہا ہے ، اولمپئیک اور ساؤتھ ایشن باکسنگ کے مقابلوں میں پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی گولڈ میڈل نہیں لے سکتا ، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی اور عدم دلچسپی کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کا جھنڈا بلند کرنے والے باکسنگ اولمپئین سید حسین شاہ ، استاد علی بخش ، استاد ملنگ بلوچ سمیت دیگر کھلاڑی کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ، سردار عبدالرحیم نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کے باکسنگ کے کھیل کو مزید بھتر کرکے فروغ دیا جائے ، اور ریٹائرڈ باکسروں کی مالی امداد کی جائے اور ان کی اولاد کو مختلف سرکاری محکموں میں ملازمتیں دی جائے۔