راولپنڈی (جسارت نیوز)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام قومی سینئر ہاکی چیمپین شپ کے فائنل میں نیشنل بینک اور پاکستان واپڈا کی ٹیمیں پہنچ گئیں۔اس موقع پر پہلے سیمی فائنل جو کہ سوئی سدرن اور نیشنل بینک کے مابین ہوا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے نواجوانان امور عثمان ڈار تھے.جبکہ دوسرا سیمی فائنل واپڈا اور نیوی کے مابین ہوا جس کے مہمان خصوصی قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری تھے۔ایونٹ کا پہلا سنسنی خیز سیمی فائنل نیشنل بینک اور سوئی سدرن کے مابین ہوا جو سڈن ڈیتھ اسٹروک کے زریعے نیشنل بینک نے جیت لیا۔میچ مقررہ وقت کے اختتام تک2-2 گول سے برابر رہا.نیشنل بینک کی جانب سے ابوبکر اور ارسلان قادر نے ایک، ایک گول اسکور کیا جبکہ سوئی سدرن کی جانب سے مبشر علی اور علی شان نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔جس کے بعد شوٹ آؤٹ کھیلا گیا. شوٹ آؤٹ بھی دونوں ٹیموں کے مابین برابر رہا پہلے سیمی فائنل کا حتمی فیصلہ سڈن ڈیتھ ا سٹروکپر ہوا جس کے بعد نیشنل بینک 5-6 سے سیمی فائنل جیت گئی۔دوسرا سیمی فائنل پاکستان واپڈا اور پاکستان نیوی کے مابین کھیلا گیاجو پاکستان واپڈا نے 0-1 سے جیت لیا۔پاکستان واپڈا کی جانب سے میچ کا واحد گول عمر بھٹہ نے اسکور کیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام راولپنڈی میں کھیلی جانے والی سینئر ہاکی چیمپئن شپ کا فائنل آج دوپہر ڈھائی بجے پاکستان واپڈا اور نیشنل بینک کے درمیان ماڑی پیٹرولیم ہاکی اسٹیڈیم ,ایوب پارک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری ہونگے۔