قائداعظم ٹرافی کا چوتھا رائونڈ آج شروع ہوگا

67

کراچی (اے پی پی) قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کا چوتھا رائونڈ آج سے کراچی میں شروع ہوگا۔ پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے میں شامل بقیہ4 میچز کے انعقاد کی وجہ سے قائداعظم ٹرافی میں11روز کا وقفہ کیا گیا تھا۔اس دوران 35 رکنی قومی اسکواڈ کی 23 نومبر کو نیوزی لینڈ روانگی کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایونٹ میں مقابلے کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ایک ونڈو متعارف کروائی، جس کا مقصد سیکنڈ الیون میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ترقی دینا تھا۔ ونڈو کے مطابق تمام 6 ٹیموں کے کوچز کو اپنی ٹیم کا توازن برقرار رکھنے کے لیے باہمی مشاورت کے ساتھ اپنے اسکواڈ میں تبدیلی کا اختیار دیا گیا۔ جہاں سب سے نمایاں ٹرانسفر سدرن پنجاب کے طیب طاہر کی سینٹرل پنجاب میں منتقلی ہے۔ایونٹ میں اب تک کھیلے گئے10 میں سے 9 میچز نتیجہ خیز ثابت ہوئے ہیں، جہاںسدرن پنجاب کی ٹیم 55 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ اظہر علی، شان مسعود اور سرفراز احمد کی نیوزی لینڈ روانگی کی وجہ سے اب حسن علی، عمر صدیق اور اسد شفیق بالترتیب سینٹرل پنجاب، سدرن پنجاب اور سندھ کی کپتانی کریں گے۔پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست سدرن پنجاب کی ٹیم ایونٹ کے چوتھے رائونڈ میں سندھ کا مقابلہ کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین یہ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، میچ پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر ہو گا۔ایونٹ کے ا بتدائی 2 رائونڈز میں کامیابی حاصل کرنے والی سدرن پنجاب کی ٹیم کو ایونٹ کے تیسرے رائونڈ میں خیبرپختونخوا سے 75 رنز کی شکست کھاگئی۔