لاڑکانہ ،پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی ،11 ملزمان گرفتار

55

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری، روپوش و مطلوب 11 ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات، موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی ہے۔ باڈہ پولیس نے دوران چیکنگ منشیات فروش منٹھار شاہانی کو ایک کلو چرس سمیت، باقرانی پولیس نے اشتہاری و مطلوب تین ملزمان منٹھار عرف ڈاہانی سندیلو، سرور کیریو اور سجاد کیریو کو، سول لائن پولیس نے روپوش ملزم دوست محمد شیخ کو، رتو ڈیرو پولیس نے جوئے کے اڈے پر چھاپا مار کر پانچ جواریوں معشوق، حاکم، سدہیر، عرس اور شوکت کو موبائل فونز اور نقدی سمیت، دوران گشت بس اسٹینڈ سے روپوش ملزم علی مردان عمرانی کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب سول لائن پولیس نے شہری مختار سندیلو کی نقدی واپس کروا کر اصل مالک کے حوالے کردی۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور ایس آئی اوز کو اشتہاری، روپوش، مفرور و مطلوب ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے مؤثر حکمت عملی کے ساتھ ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کا کہنا ہے کہ حساس مقامات سمیت دیگر عوامی مقامات جہاں سی سی ٹی کیمرے نصب نہیں ہیں، ان جگہوں پر متعلقہ منتظمین کے توسط سے سی سی ٹی کیمرے کی فوری تنصیب کو یقینی بنایا جائے۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی تعیناتی کے متعلق ہر روز کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے۔ روایتی تھانہ کلچر کی تبدیلی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھانے اور اچھے نتائج سامنے لائے جائیں۔ کورونا وائرس سے پیدا وبائی صورت حال میں حکومت کی جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد اور کورونا سے ممکنہ طور پر متاثر پولیس افسران و اہلکاروں اور ان کے خاندان کی مکمل دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔ اس ضمن میں پولیس ہیڈ کوارٹر لاڑکانہ ہیلتھ یونٹ میں خصوصی کورونا ڈیسک قائم کیا جائے گا جبکہ کورونا سے متاثر پولیس افسران و اہلکاروں کی مکمل نگرانی کے لیے محکمہ پولیس کا ویلفیئر ڈپارٹمنٹ مکمل طور پر متحرک ہے۔