فیس بک میسنجر نے میسجز غائب ہونے والا فیچر متعارف کروادیا۔
فیس بک نے رواں ماہ اپنی زیرملکیت میسجنگ اپلیکشن واٹس ایپ میں ایک فیچر متعارف کرایا تھا، جو نئے پیغامات کو 7 دن بعد خودبخود غائب کردے گا، جسے ڈس اپیئرنگ میسجز کا نام دیا گیا تھا، اب فیس بک نے اس سے ملتا جلتا فیچر میسنجر کے لیے بھی متعارف کرادیا ہے۔
وینش موڈ نامی یہ فیچر واٹس ایپ سے مختلف ہے کیونکہ اس میں پیغامات ایک بار دیکھے جانے اور چیٹ ونڈو بند کیے جانے پر غائب ہوں گے۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ فیچر میمز، گفس، اسٹیکرز اور ری ایکشنز کے لیے بہترین ہے، جن کو آپ چیٹ ہسٹری میں دیکھنا نہیں چاہتے۔
یہ فیچر صارف کو خود ٹرن آن کرنا ہوگا، جس کے لیے کسی چیٹ تھریڈ کو سوائپ اپ کرنا ہوگا اور وینش موڈ کام کرنے لگے گا۔
سوائپ اپ دوبارہ کرنے پر معمول کی چیٹ واپس آجائے گی، تاہم یہ فیچر اسی وقت کام کرے گا جب چیٹ میں شامل دونوں افراد نے اسے ایکٹیو کیا ہوا ہو۔