لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی دینی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خادم حسین رضوی کی وفات سے ملک و قوم اور خاص طور پر دینی قوتوں کو بڑا نقصان ہوا ہے ۔خادم حسین رضوی نے خاتم النبین
حضرت محمد ؐ کی ناموس کے تحفظ کے لیے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے قلیل مدت میں عشق مصطفی ؐ کے جذبوں کو فراوانی دی اور پورے ملک میں ایک لہر پیدا کی۔ علامہ خادم حسین رضوی کی خطابت،کلام اقبال اور اسلامی تاریخ سے مزین گفتگو تادیر قائم رہے گی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے ۔