پی سی بی 24سال بعد آسٹریلیا کی میزبانی یقینی بنانے کیلیے سرگرم

71

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ آسٹریلیاکرکٹ ٹیم کے 24سال بعد دورہ پاکستان کیلئے کرکٹ آسٹریلیا کو قائل کرنے میں مصروف ہوگیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان نے بتایا ہے کہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے ساتھ کئی معاملات پر مذاکرات ہورہے ہیں اور توقع ہے کہ2022میں ہونے والی باہمی سیریز کیلئے کینگروز 24سال بعد پاکستانی سرزمین پر قدم رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہے ۔ ہمارے ملک میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کافی بہتر ہوچکی ہے ، لہذا آسٹریلین ٹیم کو انٹر نیشنل مقابلوں کیلئے پاکستان نہ بھیجنے پر کوئی بہانہ نہیں بنایا جا سکتا۔ایک سوال پر وسیم خان نے بتایا کہ ابھی تک دونوں بورڈز میں ممکنہ سیریز کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا لیکن کرکٹ آسٹریلیا سے جو ابتدائی بات چیت ہوئی ہے ،اس میں کرکٹ آسٹریلیاکے حکام کا رویہ بہت مثبت نظر آیا۔واضح رہے کہ آسٹریلین ٹیم کو2022 میں 2ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان کا دورہ کرنا ہے ۔ وسیم خان کے مطابق دونوں بورڈز کے انٹرنیشنل کرکٹ ڈیپارٹمنٹ مسلسل رابطے میں ہیں اور باہمی مقابلوں کو فروری، مارچ2022میں ممکن بنانے کیلئے کام کیا جا رہا ہے تاہم اس وقت تک کئی غیر ملکی ٹیمیں پاکستان کا رخ کر چکی ہوں گی لہذا کرکٹ آسٹریلیا کو بھی فیصلہ کرنے میں آسانی ہوجائے گی۔ آسٹریلین ٹیم نے مارک ٹیلر کی قیادت میں آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا ۔