میرپور خاص (نمائندہ جسارت) کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے دکانداروں کیخلاف انتظامیہ نے ڈنڈا اٹھالیا۔ ڈپٹی کمشنر میرپور خاص سلامت میمن کا شہر کی مارکیٹوں کا اچانک دورہ، ماسک اور سماجی فاصلے کا خیال نہ رکھنے والے دکانداروں پر ہزاروں روپے کے جرمانے عائد کردیے جبکہ ناپ تول میں کمی کرنے پر ایک پیٹرول پمپ کو سیل کردیا گیا۔ میرپور خاص میں بھی کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے دکانداروں کی شامت آگئی۔ ڈپٹی کمشنر سلامت میمن نے اسسٹنٹ کمشنر محمد خان کھٹی اور پولیس نفری کے ہمراہ شہر کی مختلف مارکیٹوں سول اسپتال روڈ، اسٹیشن روڈ، غریب آباد کھپرو چوک اور دیگر مقامات پر کارروائی کرکے ماسک کا استعمال نہ کرنے اور سماجی فاصلے کا خیال نہ کرنے پر ماروی سوئیٹس کھپرو ناکہ پر 10 ہزار، پرنس میڈیکل اسٹور پر 10 ہزار، اشرفی سوئیٹس پر 10 ہزار، راجپوت الیکٹرونکس پر 5 ہزار اور آفتاب کڑاہی گوشت کی دکان پر 10 ہزار روپے سمیت دیگر دکانوں پر بھی بھاری جرمانے عائد کیے جبکہ ناپ تول میں کمی کرنے پر شہر کے مشہور کالے خان پیٹرول پمپ کو سیل کردیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سلامت میمن کا کہنا تھا کہ شہری کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے دکانداروں کو بھی تنبیہ کی ہے کہ وہ بھی ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلے کا بھی خیال رکھیں بصورت دیگر دکانوں کو سیل کردیا جائے گا۔