قنبر علی خان، پولیس کی کارروائی ، بین الصوبائی گروہ کے 3 منشیات فروش گرفتار

35

 

قنبر علی خان (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی ضلع قنبر شہدادکوٹ عمران قریشی کی سربراہی میں ضلعی پولیس کا سماج دشمن عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن آپریشن، پولیس نے بین الصوبائی گروہ کے تین منشیات فروش اسمگلرز کو موقع پر گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں شراب کی بوتلیں اور دیگر سامان برآمد کرکے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ایس ایس پی ضلع قنبر شہدادکوٹ عمران قریشی کو ایک خفیہ اطلاع ملی کہ سندھ وبلوچستان کے بین الصوبائی گروہ کے تین خطرناک منشیات فروش اسمگلرز کار میں بڑے پیمانے پر شراب کی بوتلیں لے کر ان کو دیگر مقام پر منتقل کرنے کے لیے قومی شاہراہ قنبر شہداد کوٹ روڈ پر چھجڑا بائی پاس کے مقام سے گزر رہے ہیں، اس خفیہ اطلاع پر ایس ایس پی کے حکم پر ایس ایچ او سٹی قنبر نے اپنی پولیس پارٹی کے ہمراہ چھجڑا بائی پاس کی ناکہ بندی کرلی۔ اسی اثناء میں ایک جی ایل آئی کار نمبر بی بی ایچ 840 کو روک کر کار کی چیکنگ کی تو کار میں بھاری مقدار میں غیر ملکی شراب کی بوتلیں اور دیگر سامان موجود تھا، پولیس نے غیر ملکی شراب کی تمام 158 عدد بوتلیں، ایک مسروقہ جی ایل آئی کار، 3 عدد موبائل فون سیٹ اور دیگر مسروقہ سامان اپنے قبضے میں لے کر بین الصوبائی گروہ کے 3 کارندوں جن میں منشیات فروشوں کے سرغنہ پردیپ کمار ولد کرشن لعل، مکیش کمار ولد رمیش لعل ہندو اور ملزم آصف علی ولد علی محمد خاصخیلی سمیت تین منشیات فروشوں کو موقع پر گرفتار کرکے مذکورہ تینوں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی قنبر شہداد کوٹ عمران قریشی نے بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ مذکورہ گرفتار ملزمان جن کا تعلق تحصیل شہداد کوٹ سے ہے ان کا ایک باقاعدہ بڑا گینگ ہے جو ہر جگہ وسیع پیمانے پر شراب، بیئر اور دیگر منشیات کا مال گاڑیوں میں بڑی ہوشیاری سے سپلائی اور اسمگلنگ کا کاروبار کرتا ہے۔ پولیس نے ان تمام گروہ کا پتا کرنے میں اپنے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو وسیع کردیا ہے تاکہ ان سماج دشمن عناصر کا قلع قمع کرکے نوجوان نسل کو ایک بڑی تباہی سے بچایا جاسکے۔ ایس ایس پی عمران قریشی نے مزید بتایا کہ ضلع قنبر کے تھانہ سنجر بھٹی پولیس نے گڑہی خیرو، بھنڈ چوک روڈ جبکہ دوسری طرف سے ڈبل واٹر کے علاقے کی ناکہ بندی کرکے گشت اور اسنیپ چیکنگ کے دوران ملزم محمد علی چنا اور ملزم جانی عرف دیدار گوپانگ کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے بغیر لائسنس ایک پستول، ایک سنگل بیرل بندوق اور بھاری مقدار میں میگزین وگولیاں اور کارتوس برآمد کرکے ان دو ملزمان کیخلاف سنجر بھٹی تھانے میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں سندھ آرمز ایکٹ کے تحت دو الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔