قرآن وسنت کا نظام ہی ملک میں خوشحالی لاسکتا ہے،ذکراللہ مجاہد

152

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ سے لوگوں کے دکھوں اور مسائل کا مداوا ممکن ہے۔ سیرت مصطفی ﷺ پر عمل پیرا ہوکر ہی ملک و قوم کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی یوسی 109 اور انجمن تاجران مین بازارہ کے زیر اہتمام ہونے والی محفل سیرت مصطفیﷺ و تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ قرآن وسنت کا نظام ہی ملک میں خوشحالی لاسکتا ہے۔ پاکستان میں انقلاب تعلیمات نبوی پر عمل پیرا ہوکر ہی آئے گا۔اسلام کا عادلانہ نظام ہی ہمارے مسائل کا واحد حل ہے۔پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا ہے لیکن اس ملک میں قرآن وسنت کے نظام کے بجائے مغرب کا لادینی نظام نافذ ہے۔ جس کی وجہ سے کرپشن اور لوٹ مار کا دور دورہ ہے۔امن تاجران منصورہ بازار کے تاجروں کو اس بات کا یقین دیلائے کہ جماعت اسلامی منصورہ کے تاجروں کے مسائل کے حل اور ان کے دکھ درد میں ان کے ساتھ ہے۔انہوں نے اس موقع پر الخدمت لیب اور ثریا عظیم میں تاجروں کے خاندانوں کے لیے ڈسکاونٹ پیکیج اعلان کیا۔تقریب میں معروف اسکالر اوریامقبول جان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں تاجرت کا سنہری اصول دے کر استحصال، ملاوٹ، ناجائزہ منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور سودی جیسی لعنت کا قلع قمع کردیا ہے۔ اللہ کے پیارے رسول نے فرمایا کہ ایماندار اور اصول پسند قیامت کے دن شہدا اور صدیقین کا ساتھی ہوگا۔اس موقع پر انجمن تاجران مین بازارہ کے نومنتخب صدر محمد حنیف، سیکرٹری جنرل میاں کامران ودیگر عہدیداران نے اس بات کے عزم کا اظہار کیا کہ کے بازار کے تاجروں کے مسائل کا حل ان کی ترجیح اول ہے۔ بازار کی سیکورٹی اور امن و امان، صفائی کی بہتر صورتحال کے لیے ہر سطح پر اقدامات اٹھائیں گے۔تقریب میں انجمن تاجران مین بازار منصورہ کے نومنتخب عہدیداران نے اپنی ذمہ داریوں کا حلف بھی قائدین جماعت اسلامی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات کی موجودگی میں لیا۔